مقامی کانگریسی امیدوار آر ایس ایس کے آلہ کار

مسلمانوں کو ہوشیار رہنے اور سنجیو ریڈی کو کامیاب بنانے ساجد خان کی اپیل

عادل آباد : 15/نومبر (اپنا وطن نیوز)

سابق صدر ضلع کانگریس کمیٹی عادل آباد مسٹر ساجد خان نے حلقہ اسمبلی عادل آباد کی دینی و ملی جماعتوں کے ذمہ داروں، سماجی تنظیموں کے قائدین و آئمہ مساجد و حفاظ سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدوار سنجیو ریڈی کی تائید کریں۔

انھوں نے آج اپنے حامیوں کے ہمراہ سابق ریاستی وزیر رامچندر ریڈی کے مکان پر منعقدہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کیا۔

انھوں نے کہا کہ جس طرح سے نامور وکیل و صدر تحریک مسلم شبان مشتاق ملک نے عادل آباد میں آر ایس ایس پارٹی نظریات سے اتفاق رکھنے والے کانگریس پارٹی  امیدوارکندی سرینواس ریڈی کی مخالفت میں مسلمانوں کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے ویسے ہی وہ بھی رائے دہندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیکولر کردار کے حامل سنجیو ریڈی کے حق میں ووٹ دیں۔

ساجد خان نے واضح کیا کہ دراصل ان کا ہی گروپ اصل کانگریسی ہے اور سنجیو ریڈی کی کامیابی کے بعد وہ دوبارہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔

انھوں نے موجودہ کانگریسی امیدوار کندی سرینواس پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ نفسیاتی مریض ہیں اور ان کا انداز گفتگو لائق مذمت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جس طرح سے انھوں نے سابق کانگریس لیڈر گنڈرت سجاتا کے خلاف الفاظ کا استعمال کیا تھا اس سے ان کے دماغی توازن کا اندازہ ہوتا ہے۔

خان نے الزام عائد کیا کہ انتخابات دراصل مقامی مسائل اور ترقی پر لڑے و جیتے جاتے ہیں تاہم کندی کے بیانات اور چال چلن سے پتہ چلتا ہے کہ وہ حلقہ اسمبلی کی ترقی سے زیادہ بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لئے سرگرم ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عادل آباد کے مسلم رائے دہندے با شعور ہونے کے ساتھ ساتھ فرقہ پرستوں کی چالوں کو سمجھتے ہیں اور انھیں قوی امید ہے کہ رائے دہندے آر ایس ایس کی جانب سے چلی گئی چال اور بچھائے گئے جال میں کبھی نہیں پھنسیں گے۔

پریس کانفرنس میں عبدالوسیم، افسر، محمد مرتضی، عبدالقیوم، وسیم رمضانی، اختر بھائی، عبدلشاکر و دیگر موجود تھے۔