نرمل میں بی جے پی اور بی آر ایس پارٹی کارکنان کے درمیان پتھراؤ

نرمل : 28/نومبر (اپنا وطن نیوز)

نرمل ضلع مستقر کے وائی ایس آر کالونی میں آج صبح بی جے پی و بی آر ایس پارٹی کارکنوں کے درمیان ہوئے آپسی تصادم میں 4 نوجوانوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بی جے پی امیدوار مہیشور ریڈی کی جانب سے آج انتخابی تشہیر کے آخری دن وائی ایس آر کالونی میں بڑے پیمانے پر ریالی کا اہتمام کیا گیا تھا۔

اسی دوران بی آر ایس امیدوار اندرا کرن ریڈی کے حق میں بھی انتخابی ریالی منعقد کی گئی جس میں بی آر ایس پارٹی ورکرس موجود تھے۔

ایک ہی راستہ سے دونوں سیاسی جماعتوں کی انتخابی ریالیوں کا آمنا سامنا ہوا، نعرے بازی کی گئی اور پھر آپسی تصادم دیکھا گیا۔

پارٹی ورکرس ایکدوسرے کے خلاف پتھراؤ کرتے دیکھے گئے جس کے بعد علاقہ میں تناؤ کا ماحول بن گیا۔

بی جے پی امیدوار مہیشور ریڈی نے اس تصادم کے لئے سابق میونسپل وائس چیر مین ساجد خان کو ذمہ دار قراردیتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر اندراکرن ریڈی کی ایما پر ہی ساجد خان نے بی جے پی ورکرس پر پتھراؤ کیا ہے۔

وہ اس تصادم سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے دکھائی دئیے۔

پولیس نے دونوں ہی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو منتشر کیا اور بعد ازاں دونوں ہی انتخابی ریالیاں علحدہ علحدہ علاقوں میں نکالی جارہی ہیں۔