عادل آباد : 08/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ اس ماہ کی 10/تاریخ کو ضلع مستقر عادل آباد کا دورہ کریں گے۔
رکن پارلیمان عادل آباد مسٹر سوئم باپو راؤ کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ شہر عادل آباد کے ڈائیٹ گراؤنڈ پر منعقد ہونے والے عوامی جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے اسے مخاطب کریں گے جس کے انتظامات بڑے پیمانے پر کئے جارہے ہیں۔
انھوں نے آج جلسہ کے انعقاد سے متعلق ڈائیٹ گراؤنڈ پر جاری کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ امیت شاہ کے دورہ کے موقع پر مقامی بی جے پی قائدین ضلع عادل آباد کی عوام کو درپیش مسائل سے انھیں واقف کرائیں گے۔
عادل آباد میں بند پڑی سی سی آئی فیکٹری کی کشادگی، ہوائی اڈہ کی منظوری و ضلع میں ٹرائبل یونیورسٹی کا قیام وغیرہ مسائل پر ان سے نمائندگی کی جائے گی۔
اس موقع پر صدر ضلع بی جے پی پائل شنکر، الجا پورسرینواس، سابق صدر نشین ضلع پریشد سہاسنی ریڈی و دیگر موجود تھے۔

